اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ترکی کی پارلیمنٹ اور عوام کےلئے اس تاریخی موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ،ترکوں کیلئے آج کا دن ایک تاریخی دن ہے جس سے برادر ملک ترکی کو جمہوریت میسر ہوئی ،پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ا ن خیالات کا ا ظہار انہوں نے برادر ملک ترکی کے جمہوریت کے 97 سال مکمل ہونے کے موقع پر پیغام میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ترکی کی پارلیمان اور عوام کو اس عظیم موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ترکی کی پارلیمنٹ اور عوام کےلئے اس تاریخی موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ۔پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان ان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے۔ پاکستان برادر ملک ترکی کیلئے ہمیشہ معاشی، سماجی، سیاسی اور سیکورٹی کے حوالے سے معاونت جاری رکھے گا۔ ترک عوام کو پاکستان کی پارلیمان اور عوام کی جانب سے اس تاریخی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔دوطرفہ تعلقات کو مزید استحکام دینے کے ساتھ ساتھ پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔