چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر خصوصی پیغام

81
چیئرمین سینیٹ کا باقاعدہ سیاسی رابطوں کا آغاز،پارلیمان ہی سیاسی مسائل کے حل کے لیے موزوں فورم ہے، محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں جمہوری اصولوں پر کاربند رہنے اور اس نظام حکومت کے تحفظ اور فروغ کی خاطر اپنے عزم کی تجدید کراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور عوام کی، عوام کیلئے اور عوام کے ذریعے کی جانے والی حکومت کے فلسفہ اور نظام پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2007ءمیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے منظور کردہ قرار داد کے نتیجہ میں 15 ستمبر کو عالمی یوم جمہوریت کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا اور 2008ءسے مسلسل یہ دن پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین نے اس دن کو پارلیمانی جوابدہی کی اہمیت کی مناسبت سے منانے کا فیصلہ کیا ہے اور عالمی سطح پر یہ پارلیمانوں کا ایک اہم کام ہے کہ وہ حکومتوں پر نظر رکھے اور یہی ایک موثر جمہوریت کی نشانی بھی ہے۔