اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ عید میلادالنبی کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مساوات، حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے جو دنیا و آخرت میں فلاح و نجات کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے یہ بات خاتم الانبیاءرحمة للعالمین حضرت محمد کی پیدائش کے مبارک دن پر تمام مسلمانان عالم کو مبارکباد کے پیغام میں کہی جو (آج) بدھ کو منایا جا رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حضرت محمد کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر بہترین انسانیت کی مثال قائم کی جا سکتی ہے۔ 12 ربیع الاول کا دن وجہ وجود کائنات کے ظہور میں آنے کا دن ہے، پاک پیغمبر کے آنے سے انسان دشمنی، ظلم و بربریت، جہالت، جبر و استبداد، خواتین پر ظلم اور گمراہی کی تاریخ یکسر بدل گئی، تہذیب انسانی کو وقار، ثقافت کو تقدس، علم کو وسعت، عمل کو طہارت، معاملات میں عفو و درگزر اور جذبات کو پاکیزگی میسر آئی۔ انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کا دن ہمیں حضرت محمد سے عشق و محبت کا پیغام دیتاہے، پاک پیغمبر سے پیار پوری انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے۔