اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے لیبیامیں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام اور حکومت اپنے لیبیاکے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ ایسی ناگہانی قدرتی آفت سے سب کو محفوظ رکھیں۔انہوں نے سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے بلندی درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کی اللہ تعالیٰ سے دعا بھی کی۔محمد صاد ق سنجرانی نے مزید کہا کہ لیبیا کے بہادر عوام اپنے روایتی عزم اور برداشت سے اس ناگہانی آ فت کا مقابلہ کریں گے،پاکستانی قوم کی دعائیں لیبیا کی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث اقوام عالم کو مسائل کا سامنا ہے، پاکستان بھی اس کا شکار ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لئے عالمی سطح پر بین الریاستی تعاون کو اہم قرار دیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی لیبیا میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دلی دکھ اورافسوس کا اظہار کیاہے۔
انہوں نے سیلاب کے باعث لیبیامیں جاں بحق ہونے والے افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کے دل لیبیا کی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں لیبیاکی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔