اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کےلئے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم کئے گئے فوجی اتحاد کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ فوجی اتحاد کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شہزادہ فہد بن ترکی بن عبدالعزیز السعود نے متحدہ فورسز سے متعلق سینیٹ کے وفد کو بریفنگ دی۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے یمن سے متعلق فوجی اتحاد کے سربراہ کا وفد کے استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا ۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ امت مسلمہ کو اس وقت دہشت گردی سمیت کئی ایک مسائل کا سامنا ہے۔ سعودی عرب کو کئی مرتبہ دہشت گردی کی اندرونی اور بیرونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گرد سرگرمیوں کی مذمت کی ہے۔ پاکستان اس مسئلہ کے حل کےلئے سعودی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یمن میں امن اور قانونی حکومت کی بحالی کےلئے شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ پاکستان یمن میں امن کی غیر مشروط بحالی اور قابض باغی فوجوں کی واپسی کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے فوجی اتحاد کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شہزادہ فہد بن ترکی نے بتایا کہ اتحادی فوج کو امن کی کوششوں اور باغیوں کے انخلاءمیں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں۔ بعدا زاں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی پارلیمانی وفد کے ہمراہ ریاض سے مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ مدینہ منورہ پہنچنے پر شوریٰ کونسل اور گورنر آفس مدینہ کے سینئر حکام نے چیئرمین سینیٹ اور وفد کے ارکان کا استقبال کیا۔ چیئرمین سینیٹ اور وفد کے ارکان نے نماز فجر مسجد نبوی میں ادا کی اور ملکی ترقی و خوشحالی کےلئے دعا کی۔ چیئرمین سینیٹ جمعة المبارک مسجد نبوی میں ادا کرنے کے بعد عمرہ کی ادائیگی کےلئے مکہ مکرمہ روانہ ہو جائیں گے۔