
اسلام آباد ۔ 27 مارچ (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ درخت نہ صرف ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں بلکہ صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔ ایوان بالاءسرسبز و شاداب پاکستان کیلئے سرگرم ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کاکس اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی اس حوالے سے متعلقہ شعبوں کی مشاورت سے ماحول کے تحفظ کیلئے قابل عمل تجاویز مرتب کر رہی ہیں۔ ملک کے ان علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے جہاں جنگلات کم ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہاشو گروپ کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کا اسلام آباد میں افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے تعاون سے ملک میں شجرکاری کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اکائیوں کے مابین بہتر ہم آہنگی سے ماحول کے تحفظ کیلئے اقدامات کو مزید مربوط بنایا جا سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالاءنے ماحول کے تحفظ سے متعلق امور پر قانون سازی میں ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ ملک کے دور دراز علاقوں میں شجر کاری کیلئے بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سرسبز گوادر منصوبے کا افتتاح کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پاکستان کا مستقبل ہے، اسے مزید خوبصورت اور سرسبز بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داری سے متعلق حکمت عملی میں معاشرے اور ماحول کیلئے خصوصی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ترقی پذیر دنیا کو زیادہ خطرات لاحق ہیں اوران کا مقابلہ کرنے کیلئے مربوط انداز میں کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔