اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ 7 ستمبر کا دن مجاہدین افلاک کے طور پر ملک بھر میں منایا جاتا ہے جن کا دنیا میں کو ثانی نہیں ہے اور یہ دن 1965کی جنگ کی یاد تازہ کرتا ہے،اس دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن ملک پر اپنی دھاک بٹھا دی۔
یوم فضائیہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے اپنے کم وسائل کے باوجود دنیا پر ثابت کر دیا کہ وہ اپنی مہارت اور پیشہ وارانہ تربیت کی بدولت کسی بھی ملک سے کم نہیں ہیں،7 ستمبر 1965 کے دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جو ورلڈریکارڈ قائم کیے وہ قابل تحسین ہیں۔ ایک منٹ کے اندراندر دشمن کے پانچ جنگی طیاروں کوتباہ کر دیا،پوری قوم کواپنے شاہینوں کی قابلیت اور مہارت پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج کا شمار دنیا کی بہترین، مضبوط اور بہادر افواج میں ہوتا ہےجنہوں نے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی بہادری اور قابلیت کا لوہا منوایا ہے،افواج پاکستان نے جنگ ہو یا امن ملک کیلئے جو خدمات سرانجام دی ہیں پوری قوم کو اس پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں یہی وجہ ہے کہ آج ملک دہشت گردی کے ناسور سے چھٹکارا حاصل کر چکا ہے،ملک میں قدرتی آفات سیلاب، زلزلے، کورونا وبا و دیگر کے دوران ہماری فورسز کے اہلکاروں نے جس بہادری اور خدمات کا مظاہرہ کیاوہ قابل تحسین ہیں ہم سب کو اپنی افواج پر فخر ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے بھی یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 1965 کی جنگ میں پاکستان کے شاہینوں نے ملک دفاع کیلئے جس شجاعت اور بہادری کامظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔پاکستان ایئر فورس نے قلیل وسائل کے موثراستعمال سے وہ استفادہ کیا کہ دشمن بھی حیران رہ گیا۔ہمیں پاک فضائیہ کے شاہینوں پر فخر ہے جو ملک کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔