پچھترواں یوم تاسیس کشمیر ،کشمیر ی عوام کی جدوجہد ِآزادی جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

46
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کشمیر ی عوام کی جدوجہد آزادی جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی، 75 سال قبل کشمیری عوام نے جدو جہد آزادی کے ذریعے ریاست آزاد جموں و کشمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔پیر کو 75 ویں یوم تاسیس کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت پر شب خون مارا اوربھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے زیادہ دیر اپنا غیر قانونی تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔ بھارت کی فاشسٹ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے پست نہیں کر سکتا۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ہم اپنے بھائیوں اور بہنوں کے جائز مقصدحق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے پرامن عوام مسلسل مشکلات کا شکار ہیں اورنہ صرف ان کے حق خود ارادیت سے انکار کیا جا رہا ہے بلکہ انہیں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

کشمیری عوام نے اپنے حق خودارادیت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق اس تنازع کا منصفانہ اور پرامن حل خطے میں پائیدار امن کے لیے بہت اہم ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت کے حصول میں اپنا بھرپورکردار ادا کرے۔

پاکستان کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امنگوں اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل تک ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پارلیمان ہمیشہ کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر بھر پور انداز میں اُجاگر کیا ہے اور اس تنازع کے پرامن حل کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔