چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی امریکی سینیٹرز کرسٹوفر جے وان ہولین اور میگی حسن سے ملاقات میں گفتگو

64

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی امن کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں، دنیا کو چاہیے کہ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے امریکی سینیٹرز کرسٹوفر جے وان ہولین اور میگی حسن سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکی وفد کا دورہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال اور حقائق کو سامنے رکھ کر امن اور ترقی کو موقع دینا لازمی ہے۔ پاکستان خطے میں امن کی کاوشوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں۔دنیا کو چاہیے کہ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔چیئرمین سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں امریکی سینیٹرز کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں گزشتہ 63دن سے کرفیو نافذ ہے۔مقبوضہ وادی کو اوپن جیل بنا دیا گیا ہے۔ کرفیو کے باعث انسانی بحران کی کیفیت پیدا ہو چکی ہے۔دنیا اسے انسانی مسئلہ سمجھ کر اپنا کر دار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ظلم اور جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ امریکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر روکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔کشمیر کے مسئلے پر امریکی سینیٹرز کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ روابط، تجارتی معاونت، پارلیمانی تعلقات و ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔