چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی اہل اسلام اور خاص طور پر پاکستانیوں کو عید الفطر کے پر مسرت موقع پر دلی مبارکباد

60
ایوان بالانے پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقہ جات کےلئے آواز اٹھائی ہے ،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی دیر بالا کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اہل اسلام اور خاص طور پر پاکستانیوں کو عید الفطر کے پر مسرت موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تبارک تعالیٰ نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا ۔ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی دعبادات اور دعائیں قبول فرمائیں ۔عیدالفطر کادن رمضان المبارک کے حوالے سے یوم تکمیل رحمت الہی اور یوم تشکر ہے ۔ ماہ رمضان کی عبادات تقویٰ ، ضبطِ نفس، ایثار اور قربانی جیسی خوبیوں کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔ دینی اور دنیاوی کامیابی کے لئے یہ ضروری ہے کہ ہم پورا سال اسی جذبے اور اسی طرزِ عمل کا مظاہرہ کریں تاکہ ہم اپنی زندگیوں کو اسلام کی تعلیمات کے مطابق صحیح معنوں میں ڈھال سکیں۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ آج کے دن عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اس بات کا خصوصی خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ ہم اپنے عزیز و اقارب ، پڑوسیوں اوراردگردبسنے والے ضرورت مند بہن بھائیوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں کیونکہ عید کی حقیقی مسرت صرف اسی صورت حاصل ہوتی ہے جب اس میں تمام لوگ شریک ہوں۔ یہی ہمارے مذہب کی تعلیمات ہیں اور ہمارے معاشرے کا وصف ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے اہل اسلام سے اپیل کی کہ اس ماہ مبارک میں اللہ تبارک تعالیٰ سے دعا کریں کہ پوری انسانیت جو کرونا وبا کی زد میں ہے اس وبا سے ہم سب کو محفوظ رکھیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستانی عوام اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران کرونا وباسے بچنے کےلئے ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بنائیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ اپنے آپ اور دوسروں کو وبا کے پھیلاﺅ سے محفوظ رکھا جا سکے ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی قوم کو عید الفطر کے پر مسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اللہ تبارک تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ تمام مسلمانوں کی ماہ رمضان میں عبادات کو قبول فرمائیں اور پوری انسانیت کو کرونا وبا کے موذی مرض سے نجات دیں ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماہ رمضان کی عبادات قوم میں تقویٰ ، نظم وضبط اور صبرو تحمل کی خوبیوں کو فروغ دیتی ہیں ۔تمام اہل اسلام کو اسی جوش وجذبے کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دنیاوی اور آخرت کی زندگی کو کامیاب بنائیں ۔مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ عید کی خوشیاں مناتے وقت ہمیں اپنے عزیز و اقارب ، پڑوسیوں اور غریب و نادار افراد کا خیال رکھتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھائیں کہ وہ لوگ بھی ماہ رمضان کی عبادات اور عید کی خوشیوں سے لطف اندوز ہو سکیں اور ہمارے مذہب کی تعلیمات بھی ہیں کہ اپنے ہمسائیوں اور غریبوں کا خیال رکھتے ہوئے اپنی خوشیوں میں شامل کریں ۔

قائد ایوان سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے بھی قوم کو عید کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اقوام عالم کو درپیش کرونا وبا سے محفوظ رکھے اور ا س وبا سے دنیا کو جلد سے جلد نجات میسر ہو سکے ۔

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ کرونا وبا سے اپنے اہل وعیال اور قرب وجوار کے لوگوں کو محفوظ رکھنے کےلئے حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایت پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔انہوں نے دعا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔