اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دینے کے لئے پرعزم ہے،
ملکی دفاع اور سلامتی کے لئے دہشت گردی کے خلاف شہدا ءکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد ر کھا جائے گا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق انہوں نے بنوں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج ِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دینے کے لئے پرعزم ہے، ملکی دفاع اور سلامتی کے لئے دہشت گردی کے خلاف شہدا ءکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد ر کھا جائے گا، کامیاب آپریشن سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے، سکیورٹی فورسز کی گرانقدر خدمات قابل فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن قابل تعریف ہے، دہشت گردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، دہشت گردی کے ذریعے ملک میں بد امنی پھیلانے کی مذموم کوشش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مسلح افواج کی ملکی دفاع اور سلامتی کیلئے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے بنوں آپریشن کے دوران شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔