اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر صدر رجب طیب اردوان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں محمد صادق سنجرانی نے صدر اردوان کی شاندار قیادت اور ترکیہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اُن کی لگن کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ نے جمہوری عمل میں ترک عوام کی فعال شرکت پر انہیں بھی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات قریبی ،پائیدار ، تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ ہیں۔ انہوں نے صدر اردوان کی قیادت میں ترکی کی جاری ترقی اور کامیابی کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید برآں، چیئرمین سینیٹ نے صدر اردوان کی دانشمندانہ رہنمائی میں عالمی چیلنجوں سے نمٹنے، علاقائی استحکام اور اقوام کے درمیان نتیجہ خیز تعاون کے فروغ میں ترکیہ کے مثالی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کہ صدر اردوان کا دوبارہ انتخاب بین الاقوامی سطح پر ایک اہم مُلک کے طور پر ترکیہ کے نمایاں مقام کو مزید مضبوط کرے گا۔
چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام میں صدر اردوان اور ترک عوام کے لیے خوشحالی، امن اور پائیدار ترقی کی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔