چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آیا جبوتی کی قومی پارلیمنٹ کا وفد وطن واپس روانہ

93

اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آیا ہوا جبوتی کی قومی پارلیمنٹ کا وفد وطن واپس روانہ ہو گیا۔ سینٹر برائے مہمان داری سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے وفد کو اتوار کی صبح اسلام آباد ائیرپورٹ پر الوداع کیا۔ وفد کے سربراہ اور جبوتی کی پارلیمنٹ کے صدر محمد علی حاومید نے روانگی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرکے بہت خوشی ہوئی۔ مہمان نوازی پر پاکستان کی حکومت ، پارلیمان ،چئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ دورے کے دوران اعلی قیادت سے ملاقاتیں دوطرفہ تعاون کے لئے نئی راہیں ہموار کرنے معاون ثابت ہونگی۔ پاکستان سے اچھی یادیں لے کر واپس جارہے ہیں۔ پاکستان کیساتھ پارلیمانی، اقتصادی اور سماجی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ پاکستان جبوتی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پاکستان افریقی ممالک کے تجارتی و اقتصادی رابطہ کاری کا خواہاں ہے۔ جبوتی اور پاکستان تاریخی، ثقافتی و مذہبی مماثلت میں جڑے ہوئے ہیں۔پاکستان جبوتی تعلقات میں ایک نئے دور کا اغاز ہوا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔