چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی غزہ کے جبالیہ مہاجر کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت

76
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے غزہ کے جبالیہ مہاجر کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ تمام دنیا کو انصاف، امن اور معصوم جانوں کے تقدس کےلیے ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معصوم خواتین اور بچوں کی جانیں لینے کا وحشیانہ فعل انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والا بھیانک ظلم ہے۔ مہذب دنیا میں اس طرح کے گھناؤنے اقدامات کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام دنیا کی جانب سے اس گھناؤنے عمل کی سخت ترین مذمت کی جانی چاہیے۔ غزہ میں اسرائیلی بربریت انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ تمام دنیا کو ایسے مظالم کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی برادری اس بدترین تشدد کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرے۔ ہمارے دل شہید ہونے والے فلسطینی عوام اور ان کے اہل خانہ کے لیے دُکھی ہیں۔ تمام دنیا کو انصاف، امن اور معصوم جانوں کے تقدس کےلیے ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔