
اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعاون اور اقتصادی و معاشی شعبوں میں پائی جانے والی رابطہ کار ی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ باہمی تعلقات کو دیگر دوسرے شعبوں میںمزید مستحکم کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطر کے آٹھ رکنی وفد سے پارلیمنٹ ہاﺅس میںملاقات کے دوران کیا ۔ وفد کی قیادت فلاح بن جاسم بن جبو الثانی کر رہے تھے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سطح پر تعاون کو بڑھانے کےلئے وسیع گنجائش موجود ہے اور اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں سے تعاون کےلئے نئی راہیں ہموار کرنے میں مد د ملے گی ۔ وفد کے رہنما نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر بھی زور دیا ۔