چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی لاہور نیو انارکلی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت

85

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے لاہور انارکلی کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی بلند درجات اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ اس طرح کی تخریبی کارروائیوں سے ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی، دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو ملک میں قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے، تمام اداروں اور عوام کو بحیثیت قوم متحد ہو کر دہشت گردی کا قلع قمع کرنا ہوگا۔