اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے محمد شہباز شریف کو دوسری بار پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ محمد شہباز شریف کا دوسری مرتبہ بطور وزیر اعظم انتخاب انکی قیادت پر پاکستانی عوام اور اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں کے بھرپور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے امید کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف قوم کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور موثر حکمت عملی اپنا کر ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے۔
انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی محمد شہباز شریف کو بطور وزیر اعظم ملک و قوم کی خدمت کرنے کی ہمت اور طاقت عطا فرمائے۔