چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی چترال کے علاقہ کیلاش میں پاکستان افغانستان سرحد کی چیک پوسٹ پردہشت گرد حملے کی شدید مذمت

86
Muhammad Sadiq Sanjrani

اسلام آباد ۔6ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے چترال کے علاقہ کیلاش میں پاکستان -افغانستان سرحد کی چیک پوسٹ پردہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کی ہے ۔

چیئرمین سینیٹ نے دہشت گرد حملے کے دوران زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہاکہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں،خطے کے امن کی بقا کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،

پاکستان خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا،ایسے بزدلانہ حملےملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی سکیورٹی فورسز پر سرحد پار سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات کی دعا کی ہے۔