چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

158
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ جمعہ کو اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے خلاف ایسے بزدلانہ حملوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور شناخت نہیں اور یہ عناصر پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے خائف ہیں۔ انہوں نےملک میں دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے اتحاد اور مل کر کام کرنے کی اہمیت پر مزید زور دیا۔

دریں اثناء ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔