اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملک میں فٹ بال کے فروغ کے لیے 8 رکنی کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس (آج) بدھ کو شام چاربجے پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا۔ آٹھ رکنی کمیٹی کے کنونیر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ہونگے۔ کمیٹی میں قائد ایوان شبلی فراز، سینیٹر محمد علی سیف، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر احمد خان، اسد اشرف، مرزا آفریدی اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجنیئر سید اشفاق حسین شاہ شامل ہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کمیٹی بنانے کا مقصد ملک میں فٹ بال کو فروغ دیناہے، اس سلسلہ میں کمیٹی کے قیام کا سینیٹ سیکرٹریٹ نے باضابطہ نوٹفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجنیئر سید اشفاق حسین شاہ، نائب صدور رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر، ظاہر علی شاہ اور سردار نوید حیدر نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے کمیٹی بنانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں نیچلی سطح پر فٹ بال کے کھیل کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نیچلی سطح پر انٹر کلب چیمپیئن شپ منعقد کروانے جارہی ہے جس کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں، جس میں ملک بھر سے 3 ہزار کے قریب کلب حصہ لیں گے۔ انٹر کلب چیمپیئن شپ کی حتمی تاریخ کا اعلان 26 مارچ کو اسلام آباد میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی کانگریس کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر محمد سلیم چوہدری اور جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری نے بھی کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر نگرانی قائم ہونے والی آٹھ رکنی کمیٹی کا ملک میں فٹ بال کی ترقی کی جانب ایک مثبت اقدام ہے جس سے پورے ملک میں فٹ بال کے کھیل کو فروغ حاصل ہو گا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کمیٹی کا پہلا اجلاس (آج) بدھ کو شام چاربجے پارلیمنٹ ہائوس میں طلب کر لیا ہے۔