اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے جڑانوالہ میں مسیحی عبادت گاہوں ، املاک کو نقصان پہنچانے والے واقعات کے بعد فریقین سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے ۔اور کہا ہے کہ پاکستان کے قانون اور آئین کے مطابق اس طرح کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں۔ انھوں نے فریقین سے بھی اپیل کی کہ وہ صبرو تحمل سے کام لیں اور عبادت گاہوں کے تقدس کا خیال رکھیں۔
چیئرمین سینیٹ و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اسے ایک دلخراش واقعہ قرار دیا اور کہا کہ میڈیا پر اس واقعے کے مناظر دیکھ کر دل لرز اٹھا ۔ انھوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ حالات کو قابو میں لانے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے ۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب اپنے ماننے والوں کو امن اور محبت کا پیغام دیتے ہیں۔ پرامن بقائے باہمی کے لئے برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کرنا لازمی ہے۔
انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکومت پر زور دیا کہ اس واقعے کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں اور ان تحقیقات کی روشنی میں مناسب کاروائی عمل میں لائی جائے ۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، مرزا محمد آفریدی نے جڑانوالا میں اقلیتی عبادت گاہوں اور املاک پر حملوں کی مذمت کی ہے ۔