اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دیہی مرکز صحت پر ہونے والے دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےدہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں متعدد افراد خواتین اور بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام نے لازوال قربانیوں دی ہیں جو رائیگااں نہیں جائیں گی۔
دریں اثنا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں دیہی مرکز صحت پر دہشتگردوں کےحملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں بے گناہوں کی شہادت پر ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔