ملتان۔ 31 مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عیدالفطر کے موقع پر ایس او ایس چلڈرن ویلج کا دورہ کیا، یتیم بچوں کے ساتھ عید ملے اور ان میں عیدی و تحائف تقسیم کیے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پیر کو یہاں ایس او ایس ویلج میں یتیم اور پسماندہ بچوں کے ساتھ عید منائی اور اسے ایک اعزاز اور نعمت قرار دیا۔ایس او ایس ویلج کے دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ نے یتیم اور بے سہارا بچوں سے ملاقات ،ان کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا اور عید الفطر کی روایات کے مطابق ان میں عیدی وتحائف تقسیم کئے۔
اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے مخیر حضرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ آگے بڑھیں اور معاشرے کے اس کمزور طبقے کی مدد کریں،ان بچوں کی خدمت کرنا ایک حقیقی عبادت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے ایس او ایس ویلج کے بچوں کو زندگی میں سبقت حاصل کرنے کے لیے مزید محنت کرنے کا مشورہ دیا۔
اس دوران چیئرمین سینٹ نے ایس او ایس ویلج کے بچوں کی رہائش گاہ کا وزٹ کیا اور یتیم بچوں کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر ایس او ایس ملتان ولیج پروگرام کے منتظمین اور اسپانسرز بشمول اظہر بلوچ کی تعریف کی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معاشرے کے متمول طبقے کو یتیم بچوں کی مدد کے لیے دل کھول کر چندہ دینا چاہیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577651