چیئرمین سینیٹ کا سوات میں سیلابی ریلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

2

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سوات میں سیلابی ریلے کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مرحومین کے لیے مغفرت، بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ایسے سانحات میں ریاستی اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی متاثرین کے لیے امید کی کرن ثابت ہوتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایوان بالا انسانی جانوں کے تحفظ اور قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسی سازی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔