22.2 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومقومی خبریںچیئرمین سینیٹ کا ملتان میں قائم مختلف فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ،متاثرین...

چیئرمین سینیٹ کا ملتان میں قائم مختلف فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ،متاثرین کو بلا تفریق سہولیات دیں گے ، سید یوسف رضا گیلانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے منگل کے روز ملتان میں شیر شاہ گرلز ہائی سکول میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔انہوں نے سیلاب زدگان کےلئے لگائے گئے میڈیکل کیمپ میں ادویات کی دستیابی اور کوالٹی بارے دریافت کیا۔انہوں نے شیر شاہ بند پر جا کر سیلابی صورتحال کا خود جائزہ لیا ۔بعد ازاں وہ گورنمنٹ ہائی سکول بچ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں بھی گئے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر عارف اقبال نے انہیں بریفنگ دی۔ممبر قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی،سیاسی و سماجی رہنمائوں سمیت انتظامیہ کے افسران اور معززین علاقہ ان کے ہمراہ تھے۔سید یوسف رضا گیلانی متاثرین سے ملے ان کی خیریت اور سہولیات بارے دریافت کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیلاب میں ہزاروں لوگوں نے نقل مکانی کی ، اپنے گھر بار اور مال مویشیوں کو چھوڑا، متاثرین کو بلاتفریق سہولیات اور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے سیلاب زدگان کو مشکلات کا سامنا ہوگا،کوشش کی جارہی ہے کہ لوگوں کو تمام سہولیات،ادویات اور کھانے پینا فراہم کیا جائے ۔ایک سوال کے جواب میں سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ریلیف کیمپ میں اگر کوئی شکایت یا کمی ہو تو اسے ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔انہوں نے مقامی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں انتظامیہ کا کردار اور انخلاء کی کوشش قابل تعریف ہے، میڈیا نے بھی مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی رہنمائی کےلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ممبر قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کےلئے جو کچھ ہو سکا وہ کریں گے، جب تک وہ کیمپوں میں ہیں ان کا بھرپور خیال رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کی یہ کوشش ہے کہ کیمپ میں موجود بچوں،خواتین اور بزرگوں کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں