چیئرمین سینیٹ کی تاجک صدر سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات، سمیت علاقائی صورت حال پرتبادلہ خیال

149
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی صورت حال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے تاجک صدر کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔تاجک صدر کا دورہ پاکستان عوام اور حکومت کےلیے باعث مسرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیائی ریاستوں کو گوادر بندرگاہ سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ گوادر بندرگاہ سے تجارت کےلیے ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کےلیے تیار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کاسا۔ 1000 منصوبے کی جلد تکمیل کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان وسط ایشیائی ملکوں کے ساتھ تجارت اور اقتصادی روابط کا فروغ چاہتا ہے۔تعلیم، تجارت اور انرجی سیکٹرز سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے اپنی آزادی کے بعد تاجکستان کو تسلیم کیا۔ تاجکستان دیگر وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ساتھ یورپ کے لیے ایک گیٹ وے ہے۔

دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مشترکہ اقتصادی کمیشن، سماجی، ثقافتی، اقتصادی، تکنیکی اور سیاسی تعاون کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کریگا۔ تاجکستان کے ساتھ سی پیک منصوبے کے تحت تجارتی مواقع پیدا کرنے کے خواہشمند ہیں۔ دونوں ممالک ہر بین الاقوامی فورم پر ایک دوسرے کو سہولت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون سے پاکستان کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے۔

جنوبی ایشیا کی توانائی کی ضروریات پر قابو پانے کے لیے منصوبہ جات کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔ عوامی رابطوں کو بڑھا کر، علاقائی تعاون کو تقویت دی جا سکتی ہے۔پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ تعاون پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، صنعت، دفاع، معیشت، سیاحت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاک-تاجک مشترکہ وزارتی کمیشن اور مشترکہ بزنس کونسلز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ملاقات میں تاجک صدر امام علی رحمان نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔ تاجکستان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔