چیئرمین سینیٹ کی جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی شدید مذمت

80
Muhammad Sadiq Sanjrani

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے لئے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا،ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔ منگل کو سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے دہشت گرد حملے کے دوران زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں،خطے کے امن کی بقا ء کے لئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لئے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا،ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں،پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔