چیئرمین سینیٹ کی سوئٹزرلینڈ کے پارلیمانی وفد سے ملاقات

اسلام آباد ۔ 07نومبر(اے پی پی) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان سوئٹزر لینڈ کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ان تعلقات کو کثیر الجہتی شعبوں میں مزید وسعت دینے کی اشد ضرورت ہے، پاکستان اور سوئٹزر لینڈ ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور ادارہ جاتی تعاون و پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے رابطہ کاری …

اسلام آباد ۔ 07نومبر(اے پی پی) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان سوئٹزر لینڈ کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ان تعلقات کو کثیر الجہتی شعبوں میں مزید وسعت دینے کی اشد ضرورت ہے، پاکستان اور سوئٹزر لینڈ ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور ادارہ جاتی تعاون و پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے رابطہ کاری کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے، سوئٹزر لینڈ کے پارلیمانی وفد کے دورے کے جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سوئٹزرلینڈ کی ریاستوں کی کونسل کے صدر جین رینے فرنیئر کی سربراہی میں پاکستان کا تین روزہ دورہ کرنے والے پارلیمانی وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین ملک ہے اور مستقبل قریب میں گوادر تجارت و سرمایہ کاری کا معاشی حب ثابت ہوگا۔ گوادر پاکستان کو خطے کا تجارتی مرکز بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے سوئٹزرلینڈ کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گوادر کے ذریعے خطے کے ساتھ رابطہ کاری کو فروغ دے کر نہ صرف اپنے لئے بلکہ خطے کے ممالک کی ترقی میں اہم معاون ثابت ہوگا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور اس کے لئے ملکی و بین الاقوامی اہم فورمز پر اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ پاکستان افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھے گا اور افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سوئٹزر لینڈ کے وفد کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی موجود صورتحال بارے تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی اْمنگوں کے مطابق چاہتا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو کشمیریوں کے حق خود اداریت کے حصول کیلئے موثرکردارا دا کرنا ہوگا۔ سوئٹزرلینڈ کی ریاستوں کی کونسل کے صدر جین رینے فرنیئر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی تعاون و پارلیمانی وفد کے تبادلوں سے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کا دورہ کر کے ہمیں خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری روابط کو فروغ دینے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہمارے دورے کا مقصد ہی پارلیمانی روابط اوردو طرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بھر پور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ پارلیمانی، تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ بعد ازاں سوئٹزر لینڈ کے پارلیمانی وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا سے پارلیمنٹ ہاؤس ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان سوئٹزر لینڈ تعلقات کی تاریخ کا آج ایک نیا باب رقم ہوا ہے۔ سوئٹزر لینڈ کے پارلیمانی وفد کا پاکستان میں یہ پہلا دورہ انتہائی خوش آئندہے۔ دونوں ممالک ان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی تعاون اور قانون ساز اداروں کے مابین مستحکم روابط تعلقات کو مزید فروغ دے سکتے ہیں اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور تجارتی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ دونوں رہنماؤں کے مابین ہونے والی ملاقات میں حکومت، پارلیمان اور آئین ساز اداروں کے کام کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کو مزید موثر بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان سوئٹزر لینڈ دوستی گروپ کے کنونیئر سینٹرفاروق ایچ نائیک اور گروپ کے اراکین بھی موجود تھے۔ سینیٹر فارق ایچ نائیک نے کہا کہ پارلیمانی تعاون کے ذریعے دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں سوئٹزرلینڈ کے پارلیمانی وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے وفد کا استقبال کیا اور وفد نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستان کا دورہ کرنے والے سوئٹزر لینڈ کے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق اور سیکرٹری سینیٹ محمد انور نے بھی شرکت کی۔