اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):سینیٹ کے اجلاس میں گزشتہ روز اس وقت انتہائی خوشگوار سیاسی ماحول دکھائی دیا جب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں قائد اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے مخاطب ہوتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جناب چیئرمین جمعہ کو آپ کی عدم موجودگی میں نہایت اہم امور پر ایوان میں بحث ہوئی۔
میں سینیٹر عرفان صدیقی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے نہایت عمدہ طریقے سے ہائوس چلایا، بہت ہی بیلنس کے ساتھ چلایا اور نہایت صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا، ہم اس کے لیے ان کا بہت شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس پر اپوزیشن نے تائید میں زور زور سے ڈیسک بجائے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے ان ریمارکس پر سینیٹر شبلی فراز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اپوزیشن نے بھی ہائوس کو عمدگی سے چلانے کے لیے مجھ سے بھرپور تعاون کیا جس کے لیے میں قائد حزب اختلاف اور باقی ارکان کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہائوس کے ماحول کو خوشگوار بنانے میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان دونوں کا کردار تھا اور میں ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔