28.8 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںچیئرمین سینیٹ کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور...

چیئرمین سینیٹ کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور دیگر قیادت کو قطر میں فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد پر دلی مبارکباد

- Advertisement -

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا کہ قطر اسلامی دنیا کا واحد ملک ہے جس میں پہلی بار فٹبال کا عالمی کپ منعقد ہو رہا ہے،اتوار کو جاری تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ قطر کی جانب سے اس عالمی فٹبال میلے کا انعقاد تمام اسلامی ممالک کےلیے ایک اہم سنگ میل ہے،فٹبال کے ورلڈ کپ کاکامیاب انعقاد نہ صرف قطر بلکہ پوری اُمت مسلمہ کے لئے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈکپ جیسے بڑے ایونٹ کا انعقاد قطر کی ترقی اور خوشحالی کا مظہر ہے،قطر کی ترقی کا شاندار عمل دیگر اسلامی ممالک کے لئے بھی قابل تقلید ہے۔ پاکستان اور قطر دونوں نہ صرف انتہائی قریبی دوست ہیں بلکہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ قطر میں منعقد ہونے والے فٹبال کے ورلڈ کپ کیلئے سکیورٹی کی ذمہ داری پاکستان کو تقویض کرنے پر دلی مسرت ہوئی ہے اور پاکستان میں بننے والے فٹبالز کا ورلڈکپ میں استعمال ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے اس سے دونوں ممالک کے ایک دوسرے پر اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قطر میں فٹبال کے ورلڈ کپ کے انعقاد سے نہ صرف قطر میں ترقی کا عمل مزید تیز ہوگا بلکہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے خطے کے ممالک بھی بھر پور استفادہ کریں گے۔شاندار قیادت اور عالمی سطح پر اُمت مسلمہ کا وقار بلند کرنے پر میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی کو پاکستانی عوام اور پارلیمان کی جانب سے دلی مبارکباد دیتا ہوں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے آج سے شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے کامیابی سے انعقاد کے لئے قطر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں شائقین کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملے گا اور ساری دنیا اس سے محظوظ ہوگی۔پاکستانی قوم اور قیادت عالمی ایونٹ کی کامیابی کےلئے دعا گو ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=337903

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں