چیئرمین سینیٹ کی مچھ اور کولپور میں دہشت گردحملوں کو پسپا کرنے پر سیکورٹی فورسز کو مبارکباد

95
چیئرمین سینیٹ کی مچھ اور کولپور میں دہشت گردحملوں کو پسپا کرنے پر سیکورٹی فورسز کو مبارکباد

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے بلوچستان کے علاقے مچھ اور کولپور میں دہشت گردوں کے حملوں کو پسپا کرنے پر سیکورٹی فورسز کو مبارکباد دی ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے تین خودکش حملہ آوروں سمیت 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے بلوچستان کو بڑی تباہی سے بچایا لیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے مچھ اور کولپور پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے4 جوانوں اور 2 معصوم شہریوں کی شہادت پر ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مؤثر جواب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے بے لوث اور غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔ پاک فوج کے جوان اپنی جانوں پر کھیل کر ملک وقوم کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے واقعات بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی سازش ہیں۔دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور عوام نے لازوال قربانیوں دی ہیں جو رائیگااں نہیں جائیں گی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی بلوچستان کے علاقے مچھ اور کولپور میں دہشت گردوں کے حملوں کو پسپا کرنے پر سیکورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

انہوں نے ان دہشتگردانہ حملوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے4 جوانوں اور 2 معصوم شہریوں کی شہادت پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔