اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےکارڈینل رابرٹ پریووسٹ کو کیتھولک مسیحیوں کا نیا پوپ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ جمعہ کو اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ رابرٹ پریووسٹ کا نیا کیتھولک رہنما بننا نہ صرف عالمی مسیحی برادری کے لئے اہم موقع ہے بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ میں بھی ایک سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رابرٹ پریووسٹ دنیا بھر میں رواداری، محبت اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پاکستان مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے عالمی مسیحی برادری کو بھی مبارکباد دی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔