چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے جاپان کے سفیر اکامٹسو سوئچی کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال

122

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے جاپان کے سفیر اکامٹسو سوئچی نے منگل کو یہاں ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ دو طرفہ تعاون اور روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات تاریخی حیثیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جاپان نے پاکستان میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران مدد کی اور بحالی کے کاموں میں بھرپور تعاون کیا جس پر ہم جاپانی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، جاپان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، خاص طور پر تعلیم اور فلاحی شعبوں میں جاپان کی مسلسل حمایت قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جاپان کے سفارتی تعلقات 1952ء میں قائم ہوئے۔بحیثیت وزیراعظم جاپان کی قیادت کے ساتھ وقتاً فوقتاً ملاقاتیں بھی ہوئیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور عوامی سطح پر روابط کو بڑھانے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں پاکستان جاپان فرینڈشپ فورم کا قیام عمل میں آیا جو عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلے بڑھانے کی ضرورت ہے، کیونکہ اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں سے عوامی رابطہ کاری کو تقویت ملے گی۔ پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو ادارہ جاتی شکل دی جا سکتی ہے اور اس سلسلے میں پارلیمانی فرینڈشپ گروپ بھی قائم کیا جا چکا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان جاپان کے تجربات تعلیم، ٹیکنالوجی، زراعت اور دیگر شعبوں سے بھرپور استفادہ کر سکتا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان بین الاقوامی فورمز پر بہترین تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کا مظہر ہے۔علاقائی سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان اس معاملے پر مشترکہ عزم رکھتے ہیں، جبکہ ڈائیلاگ اور باہمی تعاون ہی مسائل کے حل اور خطے کی ترقی کا ضامن ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جاپان پاکستانی نوجوانوں کی فنی تربیت کے لیے مزید پروگرام ترتیب دے تاکہ جاپان میں درکار افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے بھی پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام جاپان کی معاونت سے ترتیب دیئے جا سکتے ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے جاپان کے سفیر کو ملتان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ ملتان کی کئی مصنوعات قومی و بین الاقوامی سطح پر مقبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر تجارتی شعبے میں جاپان کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی جاپان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل سرمایہ کاری کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے جس سے جاپانی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ کہا کہ پاکستان اس سال جاپان میں منعقد ہونے والی اوساکا ایکسپو میں شرکت کے لیے پر امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، زراعت، تجارت، حلال فوڈ اور دیگر شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔