اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں پاکستان کے پارلیمانی وفد نے باکو میں آذربائیجان کے صدر الہام حیدر علییوف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات،خطے کے مجموعی صورتحال،امن، ترقی اور دیگر امور زیر غور آئے۔ چیئرمین سینٹ نے اس موقع پر آذربائیجان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں آذربائیجان کا دورہ کر کے بہت خوشی ہوئی ہے اور مختلف علاقائی پارلیمانوں کے رہنماؤں سے تبادلہ خیال کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آذربائیجان کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے اور دونوں ممالک مذہبی، ثقافتی اور تاریخی مماثلتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے سیاسی اور پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر ادارہ جاتی معاونت کو فروغ دینے کے لئے دونوں ملکوں نے ایم او یوپر دستخط کر رکھے ہیں۔
دونوں ملکوں کی پارلیمانوں میں فرینڈ شپ گروپ پہلے سے قائم ہیں اور موثر طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلی سطح پر وفود کی تبادلوں سے عوامی رابطہ کاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کے صدر کو ایس آئی ایف سی کے فورم کے بارے میں آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ زراعت، توانائی، کان کنی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور آذربائیجان کے سرمایہ کار اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے کامیاب انعقاد پر آذربائیجان کی حکومت اور پارلیمانی قیادت کی کاوشوں کو سراہا اور مبارکباد بھی دی۔
دریں اثناء چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کے ملی مجلس کی اسپیکر صاحبہ غفارووا سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے پارلیمانی وفد کے اراکین بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارت اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے پارلیمانی سفارتکاری کے تحت وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دو طرفہ تعاون اور عوامی روابط کو مزید استحکام حاصل ہو سکے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کی پارلیمانوں میں فرینڈشپ گروپس قائم ہو چکے ہیں جو دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی میں شرکت پر خوشی ہوئی اور اس موقع پر انہیں علاقائی پارلیمانوں کے سربراہان اور ماہرین سے تبادلہ خیال کا موقع ملا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ خطے کے مسائل کو خطے کی قیادت ہی مشترکہ طور پر حل کر سکتی ہے اور اس مقصد کے لئے ادارہ جاتی میکنزم کے تحت اقتصادی تعاون کو فروغ د یا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کو مشترکہ عزم کا مظہر قرار دیا اور تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کے ملی مجلس کی سپیکر کو سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں سے دو طرفہ تعاون اور رابطہ کاری کو مزید فروغ ملے گا۔آذربائیجان کے ملی مجلس کی سپیکر صاحبہ غفارووا نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور آذربائیجان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔