چیئرمین سی ڈی اے اور سی ای او پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی زیر صدارت اسلام آباد میں مختلف منصوبوں کی بہتر مینجمنٹ کیلئے اجلاس

86

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور سی ای او پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ملک احمد کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اسلام آباد میں مختلف منصوبوں کی بہتر مینجمنٹ کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف منصوبوں کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کے آپشنز پر غور کیا گیا۔منگل کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تمام سہولیات کے ساتھ منصوبوں کو مالی طور پر مستحکم اور خود کفیل بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکٹر C-14 میں لوگوں کی بڑی تعداد میں دلچسپی سی ڈی اے کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔اجلاس میں سلاٹر ہائوس کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سلاٹر ہائوس کیلئے ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی ہائرنگ کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ نیسپاک ٹرانزیکشن ایڈوائزر کے تمام سوالات کا جواب جلد دے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انجنئیرنگ ونگ سلاٹر ہائوس منصوبے کے ٹرانزیکشن ایڈوائزر اور نیسپاک سے رابطے کیلئے فوکل پرسن مقرر کریں اور فوکل پرسن ٹرانزیکشن ایڈوائزر اور نیسپاک کے ساتھ ملکر کام کرے۔

اجلاس میں اسلام آباد میں پیڈل ٹینس کورٹس کے قیام کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پیڈل ٹینس کورٹ منصوبے کے آر ایف پیز جاری کئے جاچکے ہیں۔اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہوٹل پراجیکٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہوٹل پراجیکٹس کے حوالے سے بھی ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی خدمات حاصل کی جاچکی ہیں اور اسلام آباد میں ہوٹلز کی تعمیر کیلئے پری فزیبلٹی بھی مکمل کی جاچکی ہے۔چیئرمین محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے اور ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی ٹیمیں مل کر اس منصوبے سے متعلق اپنی سفارشات پیش کریں تاکہ بہترین آپشنز اختیار کئے جاسکیں۔ اجلاس میں جناح میڈیکل کمپلیکس اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔