اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بدھ کے روز باکو آذربائیجان سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات کی، ملاقات میں آذربائیجان کے پاکستان میں سفیر خاضر فرہادؤ بھی موجود تھے۔وفد باکو شہر کی تزئین و آرائش اور لینڈ سکیپنگ کرنے والی ٹیم کے ارکان پر مشتمل تھا۔ وفد نے تین دن شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور مختلف پارکس، ایونیوز، میلوڈی فوڈ سٹریٹ سمیت دیگر مقامات کا دورہ کرکے ان کو خوبصورت بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے کی ٹیکنیکل ٹیم اور وفد مشترکہ طور پر اسلام آباد کی مینٹیننس اور اس کے لینڈ سکیپ کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز دیں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ باکو شہر کے تجربات سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے اسلام آباد کو روایتی اور جدید آرکیٹکچر کی ہم آہنگی کے ساتھ خوبصورت بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں اور روایتی آرکیٹکچر کے طریقوں کو اپناتے ہوئے اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کے لئے برادر ملک آذربائیجان کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔وفد کے دورے کے دوران فٹ پاتھس، پیدل چلنے والی سڑکوں پر چھوٹی اور خوبصورت لینڈ سکیپنگ کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
اس ضمن میں پہلے مرحلے میں سری نگر ہائی وے کے اطراف باکو طرز کی لینڈ سکیپنگ کی جائے گی۔ اسی طرح پہلے مرحلے میں باکو سے آئے وفد کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سلام آباد فوڈ سٹریٹ کو بہتر بنایا جائے گا۔شہر کی خوبصورتی کے لئے شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبوں پر مل کر کام کیا جائے گا۔ وفد نے سی ڈی اے کی طرف سے کی گئی بے مثال میزبانی کا شکریہ بھی ادا کیا۔