چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے عراقی سفارت خانے کے مشن کے ہیڈ عبدالقادر سلیمان الحمیری کی ملاقات

42

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):جمہوریہ عراق کے سفارت خانے کے مشن کے ہیڈ عبدالقادر سلیمان الحمیری نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا سے ملاقات کی۔ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور شہری سطح پر روابط استوار کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ عبدالقادر سلیمان الحمیری نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی، خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے شاندار کاوشوں اور اقدامات کو سراہا۔ ملاقات میں بغداد اور اسلام آباد کے درمیان جڑواں شہر (سسٹر سٹی) کے معاہدے کو رسمی شکل دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمہوریہ عراق کے سفارت خانے کے مشن کے سربراہ عبدالقادر سلیمان الحمیری نے بغداد اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ۔

اس اقدام سے عوام کے درمیان پائیدار روابط، ثقافتی تبادلے، بلدیاتی سطح تک اور شہری ڈویلپمنٹ میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ معاہدہ ثقافتی ورثے کے تحفظ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پبلک جگہوں کی خوبصورتی اور پائیدار شہری منصوبہ بندی میں علم و تجربات کے اشتراک جیسے شعبوں میں باہمی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔ عبدالقادر سلیمان الحمیری نے اقتصادی، ثقافتی اور سیاحتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات اور تجربات کا تبادلہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر محمد علی رندھاوا نے عبدالقادر سلیمان الحمیری کو وفاقی وزیر محسن نقوی کی ہدایات پر ڈپلومیٹک انکلیو کی جدت اور اپ لفٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس اقدام کا مقصد ڈپلومیٹک انکلیو کو بین الاقوامی معیارات کے برابر لانا اور اسے سفارتی مشنزاور ثقافتی سرگرمیوں کے لیے ایک محفوظ اور اہم مرکز کے طور پر قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق ڈپلومیٹک انکلیو کی ترقی اور خوبصورتی کو مزید بڑھانے کے لیے معروف لینڈ سکیپنگ ماہرین اور آرکیٹیکٹ کو شامل کیا جا رہا ہے۔

عبدالقادر سلیمان الحمیری نے ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ لفٹ کے لیے سی ڈی اے کے اقدام کو سراہا۔ملاقات میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے عراق کے ساتھ مضبوط شراکت داری اور تعلقات کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ عبدالقادر سلیمان الحمیری نے مختلف شعبوں میں شراکت کو آگے بڑھانے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور دونوں دارالحکومتوں کے باہمی تعاون کے لیے اقدامات پر عملدرآمد میں سی ڈی اے کے ساتھ گہرے تعاون کے لیے عراق کی آمادگی پر زور دیا۔

ملاقات کے اختتام میں دوستی کی علامت کے طور پر محمد علی رندھاوا نے عراق اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کی عکاسی کرتے ہوئے عبدالقادر سلیمان الحمیری کو سووینیئر پیش کیا۔