چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے کے پی ایم جی کے کنسلٹنٹس، آرکیٹیکٹس اور P3A کے نمائندگان کی ملاقات

85
عوام کوبہترین سفری سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے، محمد علی رندھاوا

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے پیر کو کے پی ایم جی کے کنسلٹنٹس، آرکٹیکٹس اور P3A کے نمائندگان نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ممبر انجینئرنگ، ممبر پلاننگ سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ ملاقات میں گندھارا سٹیزن کلب کی تزئین و آرائش اور فعال بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے بعد گندھارا سٹیزن کلب کو جلد فعال بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گندھارا سٹیزن کلب کی عمارت کو بہترین استعمال میں لایا جائے۔ انہوں نے گندھارا سٹیزن کلب کے اطراف لینڈ سکیپنگ اور بیوٹیفکیشن کا کام کرنے کی بھی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ انوائرنمنٹ اور انجینئرنگ کی ٹیمز کنسلٹنٹ اور آرکٹیکٹ کے ساتھ مل کر جامع آپریشنل پلان تیار کریں۔ انہوں نے مشترکہ ٹیم کو سائٹ وزٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ گندھارا سٹیزن کلب کے ساتھ کرکٹ گراؤنڈ کی تزئین و آرائش اور اپ لفٹ کا کام کیا جائے

انہوں نے کہا کہ گندھارا سٹیزن کلب سے حاصل ہونے والی آمدنی ایف نائن پارک کی بہتری پر خرچ ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندھارا سٹیزن کلب اور F-9 پارک میں شجرکاری مہم 2025 کے حوالے سے بھی پلان تیار کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس ضمن میں کے پی ایم جی اپنی بہترین کنسلٹنسی اور تکنیکی معاونت فراہم کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کے پی ایم جی گندھارا سٹیزن کلب کیلئے بہترین آپریشنل اور بزنس ماڈل تیار کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے پی ایم جی کی مشاورتی اور تکنیکی صلاحیتوں کو بہترین انداز میں بروئے کار لایا جائے۔