اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے جمعہ کے روز آذربائیجان کے سفارت خانے کا دورہ کیا آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے ملاقات کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے آذربائیجان کے طیارے کے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی اور کہا کہ حادثے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ہم آذربائجان کی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دکھکی اس گھڑی میں آذربائیجان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار پر مبنی مضبوط تعلقات استوار ہیں۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے تعزیتی نوٹ بھی قلمبند کیا۔ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے چیئرمین سی ڈی اے کے سفارت خانے آمد پر شکریہ ادا کیا۔