اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اتوار کوجناح کنونشن سینٹر کا دورہ کیا اور تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے سنیئر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے کو کنونشن سینٹر میں جاری تزئین و آرائش کے کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ انہوں نے کام کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور فوری طور پر معمولی نوعیت کے باقی ماندہ کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے جناح کنونشن سینٹر میں نصب کئے گئے جدید ترین آلات اور جدید کانفرنسنگ سسٹمز کی تنصیب کا بھی معائنہ کیا۔
مزید برآں انہوں نے جدید لائٹنگ، جدید ساؤنڈ سسٹم، اور ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی سہولیات کا بھی معائنہ کیا تاکہ ایس سی او کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے جناح کنونشن کے اطراف ہارٹیکلچر کے کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تزئین و آرائش کا مقصد جناح کنونشن سینٹر کو ایس سی او سمٹ سمیت ہائی پروفائل ایونٹس کے لئے مہمانوں اور معززین کا خیر مقدم کرنے کے لئے ایک بہترین مقام بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے دن بالکل قریب آرہے ہیں لہذا باقی ماندہ کاموں کو مکمل کرکے جناح کنونشن سینٹر کو جلد از جلد وزارت خارجہ کے حوالے کیا جائے۔