اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اتوار کو ممبر انجینئرنگ سمیت متعلقہ حکام کے ہمراہ جناح ایونیو F-8 انٹر چینج منصوبے کا دورہ کیا۔سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو منصوبے میں شامل انڈر پاس کی تکمیل اور اس کے افتتاح کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ جناح ایونیو F-8 انٹر چینج منصوبے کا انڈر پاس 24 دسمبر کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ انڈر پاس کا کام ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ جناح ایونیو انٹر چینج منصوبے کے انڈر پاس کی تکمیل محض 42 یوم میں کی گئی اور 24 دسمبر کو تقریب کے ساتھ ہی انڈر پاس کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ انڈر پاس کے کھولنے سے اس چوک سے گزرنے والی 50 فیصد ٹریفک کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔اس موقع پرچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے اعلیٰ معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریکارڈ مدت میں انڈر پاس کی تکمیل اسلام آباد شہر کے لئے اہم سنگ میل ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ ریکارڈ مدت میں انڈر پاس کی تکمیل کرنے پر کنٹریکٹرز سمیت سی ڈی اے کے متعلقہ شعبے مبارکباد کے مستحق ہیں۔