اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ سمیت متعلقہ حکام کے ہمراہ سرینا انٹرچینج منصوبے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کے حوالے سے متعلقہ حکام نے چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ بھی دی۔چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سرینا چوک انٹرچینج منصوبے میں شامل انڈر پاسز اور رابطہ سڑکوں پر بیک وقت تیزی سے کام جاری ہے اور منصوبے میں شامل پائلز کا کام بھی مکمل کیا جاچکا ہے۔
انہیں مزید بتایا گیا کہ سرینا چوک انٹرچینج منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لئے 24/7 کام جاری ہے اور منصوبے میں آنے والی تعمیراتی رکاوٹوں کو بھرپور طریقے سے دور کیا جارہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اب تک کئے گئے تعمیراتی کاموں کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کو مزید تیز کرکے تمام رکاوٹوں کو جلد دور کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو ہر حال میں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تیز رفتار تعمیراتی کاموں کے ساتھ منصوبے کے اعلیٰ معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔