اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ سمیت سینئر متعلقہ افسران کے ہمراہ مری روڈ کا دورہ کیا، اس موقع پر ٹریفک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مری روڈ پر سری نگر ہائی وے جنکشن پر انڈر پاس تعمیر کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ انڈر پاس کی تعمیر سے مری اور کشمیر سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مری روڈ پر سری نگر ہائی وے جنکشن پر انڈر پاس کو سرینا انٹرچینج منصوبے سے منسلک کیا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مری روڈ پر سری نگر ہائی وے جنکشن پر انڈر پاس کی تعمیر کیلئے سوئل ٹیسٹ کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ مری روڈ پر سری نگر ہائی وے جنکشن پر انڈر پاس کی تعمیر کیلئے فزیبلٹی سمیت ڈیزائننگ اور پلاننگ کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ انڈر پاس کی تعمیر سے اسلام آباد میں ٹریفک کے دیرینہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مری روڈ پر سری نگر ہائی وے جنکشن پر انڈر پاس کا ڈیزائین جلد پیش کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈر پاس کی تعمیر کے بعد مری سے سری نگر ہائی وے پر آنے والی تمام ٹریفک سگنل فری ہوجائیں گے۔