24.9 C
Islamabad
پیر, اپریل 28, 2025
ہومقومی خبریںچیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا...

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کا سینئر افسران کے ہمراہ سیکٹر E-12 اور سیکٹر C-14 کا دورہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے سینئر افسران کے ہمراہ سیکٹر E-12 اور سیکٹر C-14 کا سی ڈی اے کی الیکٹرک بس پر دورہ کیا۔ دورہ میں ممبر ایڈمن، ممبر فنانس، ممبر پلاننگ، ممبر انوائرمنٹ، ممبر اسٹیٹ، ڈی جی انفورسمنٹ، ڈی جی ورکس، ڈی جی انوائرمنٹ، ڈی جی سینی ٹیشن، پراجیکٹ ڈرایکٹرز، اسلام آباد انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سمیت سی ڈی اے کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔اتوار کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر E-12 کا دورہ کیا اور وہاں موقع پر ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو E-12 میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفننگ دی۔چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر E-12 سے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو فوری مسمار کرنے اور اراضی واگزار کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکٹر E-12 میں داخلے کیلئے مرکزی گیٹ کی تنصیب کی جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے 30 جون سے قبل سیکٹر E-12 کے ذیلی سیکٹرز 1, 2 اور 3 کے تمام مرکزی شاہراہوں کا کام مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈیولپڈ پلاٹس کا قبضہ بھی الاٹیز کے حوالے کرنے شروع کر دیا جائے۔

- Advertisement -

چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر E-12 میں مناسب جگہوں کی نشاندہی کرکے تفریحی سہولیات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کمرشل ایریاز سمیت پارکس اور رہائشیوں کے بچوں کیلئے چلڈرن پلے گراؤنڈ تعمیر کرنے کی ہدایت بھی کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سیکٹر E-12 کی مرکزی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر جدید اور خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس نصب کی جائیں اور سیکٹر E-12 سے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے فوری خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں اور قبضہ مافیا کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوئی رعایت نہ برتی جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ سیکٹر E-12 کے ترقیاتی کاموں میں حائل تمام روکاوٹوں کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر C-14 کا دورہ کیا اور موقع پر جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے جائزہ لیا۔چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مجموعی طور پر سیکٹر C-14 کے 65 فیصد ترقیاتی کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ بریفننگ دیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ سیکٹر C-14 میں بیس ورک سمیت سیوریج کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر C-14 کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئےفنڈز کے اجراء کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر C-14 کی مرکزی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر جدید اور خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس نصب کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ 30 جون سے قبل سیکٹر C-14 کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکٹر C-14 کے ترقیاتی کاموں میں حائل تمام روکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے اپنے دورہ میں ہدایت کی کہ مارگلہ نیشنل ہل پارک اور مارگلہ روڈ کے اطراف تمام غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے فوری خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے بجلی کے کنکشنز کو فوری منقطع کیا جائے اور مارگلہ روڈ سے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر تشہیر کی جائے۔ انہوں نے انوائرمنٹ ونگ کو مارگلہ روڈ کے اطراف غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے فوری جانچ پڑتال اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اپنے دورہ کے دوران مارگلہ روڈ کے اطراف غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ متعدد فارم ہاؤسز کی نشاندہی کرنے کے احکامات جاری کیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے غیر قانونی قبضوں پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ فارمیشنز بشمول آئی سی ٹی انتظامیہ کی مدد سے قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام غیر قانونی فارم ہاؤسز کی بجلی اور دیگر سہولیات کو فوری طور پر منقطع کیا جائے اور غیر قانونی قابضین کے خلاف قانون کے مطابق نوٹس جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نمایاں جگہوں پر بورڈز نصب کئے جائیں جن پر واضح طور پر درج ہو کہ یہ زمین سی ڈی اے کی ملکیت ہے اور عوام کو غیر مجاز خریداری سے خبردار کیا جاتا ہے اور مزید غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے مرکزی داخلی راستوں کو فوراً بند کیا جائے ،اسی طرح ضروری قانونی کارروائی کیلئے خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی نوٹس جاری کئے جائیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس حوالے سے سی ڈی اے، آئی سی ٹی انتظامیہ سے بھی تعاون طلب کرے گی جس میں جہاں ضرورت ہوئی مجسٹریٹ سی ڈی اے اور اسلام آباد پولیس کی معاونت حاصل کی جائے گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ وہ آپریشن میں معاونت کیلئے اپنے عملے کو بھی تعینات کریں۔

اس ضمن میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ اس علاقے میں کسی بھی غیر مجاز یا غیر قانونی جائیداد میں سرمایہ کاری نہ کریں،بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جس میں بغیر کسی مزید نوٹس کے انہدام بھی شامل ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے پبلک لینڈ کے تحفظ اور اسلام آباد میں منصوبہ بندی کے تحت ترقیاتی کاموں کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588496

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں