اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) چوہدری محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بدھ کے روز واٹر مینجمنٹ کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں واٹر سپلائی ونگ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما میں شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سملی ڈیم سے یومیہ 6 ملین گلین اضافی پانی شہریوں کو فراہم کیا جائے، اسی طرح زیادہ گنجان آباد سیکٹرز اور علاقوں میں پانی سپلائی کا دورانیہ بڑھایا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ واٹر سپلائی ونگ کے تمام سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں، اسی طرح ٹینکر سروس کو بھی چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ رکھا جائے اور پائپ لائنوں میں موجود تمام لیکجز کی شکایات کو بھی فوری طور پر ختم کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ پانی کے مسائل حل کرنے کے لئے دیر پا حل متعارف کروائے جائیں۔ شاہدرہ، تربیلا اور چنیوٹ، خانپور ڈیمز پر فوری کام کرنے کی ہدایت بھی دی گئیں تاکہ پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔خانپور ڈیم سے سنگجانی پلانٹ تک کینال سے 40 فیصد پانی چوری ہونے پر چیئرمین سی ڈی اے نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ کینال کا کنٹرول ہر صوبے کے اختیار میں ہوتا ہے۔ قبل ازیں یہ واپڈا کی ذمہ داری تھی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پرپوزل بناکر پیش کیا جائے تاکہ واپڈا سمیت دیگر اداروں کے ساتھ بات کرکے اس مسئلے کا حل نکالا جاسکے۔چیئرمین سی ڈی اے نے واٹر سپلائی ونگ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس محنت اور لگن سے واٹر سپلائی ونگ کا سٹاف کام کررہا ہے اسکو اسی طرح جاری رکھیں تاکہ شہریوں کو پانی کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ واٹر پمپمنگ اسٹیشنز پر سولر سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے تین یوم کے اندر پرپوزل پیش کیا جائے تاکہ توانائی کی مد میں استعمال ہونے والی کثیر رقم کو شہر کے دیگر ترقیاتی کاموں میں استعمال میں لایا جاسکے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ تمام فلٹریشن پلانٹس کو جدید آٹو میشن سسٹم پر منتقل کیا جائے تاکہ آن لائن ڈیٹا کی مدد سے پانی کی کوالٹی کا بھی تعین ہوسکے اور پانی کے استعمال اور سپلائی کی مقدار کو بھی ناپا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ میں جلد ہی واٹر سپلائی ونگ کا بھی دورہ کروں گا،چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ موصول ہونے والی شکایات کا چوبیس گھنٹوں کے اندر ازالے کو ممکن بنایا جارہا ہے۔
اسی طرح شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے شہریوں کی سہولیات کے پیش نظر علیحدہ ہیلپ لائن نمبر 03357775444 کا بھی اجراء کردیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شہریوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل کئے جاسکیں جبکہ واٹر سپلائی ونگ کے متعلقہ عملے کی ڈیوٹیاں بھی مزید سخت کردی گئی ہیں اور انکو فیلڈ میں رہنے کے احکامات بھی جاری کردئیے گئے ہیں، پانی ضائع کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔