اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے متعلقہ سینئر افسران کے ہمراہ سرینا چوک اور جناح ایونیو انٹرچینج منصوبوں کا دورہ کیا اور منصوبوں پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر منصوبوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے متعلقہ حکام نے چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ بھی دی۔منگل کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خیابان سہروردی روڈ پر انڈر پاس اور اس سے منسلک رابطہ سڑکوں کی کارپٹنگ پر کام تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے انڈر پاس کے ساتھ سلپ روڈز اور رابطہ سڑکوں کو ٹریفک کیلئے کھولنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سلپ روڈز اور رابطہ سڑکوں کو عوام کی سہولت کی خاطر مرحلہ وار کھولا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سرینا انٹرچینج اور کنونشن چوک کے انڈر پاسز سمیت تمام حصوں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور سرینا انٹرچینج منصوبے میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرکے 24/7 تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سرینا انٹرچینج اور جناح ایونیو انٹرچینج منصوبے کے افتتاح سے قبل اس کے ہارٹیکلچر اور تزئین وآرائش کا کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بتایا گیا کہ جناح ایونیو انٹرچینج میں شامل فلائی اوور کی ٹرانزمس اور کنکریٹ کا کام تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور جناح ایونیو انٹرچینج کے فلائی اوور پر گرڈر لانچنگ کے کام کا آغاز جلد کیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد شہر کے ٹریفک کے مسائل حل اور شہریوں کو سگنل فری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔