چیئرمین سی ڈی اے کی آبی وسائل کے انتظام اور شفافیت کے عمل کو بڑھانے کی ہدایت

79
Chairman CDA
Chairman CDA

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نےآبی وسائل کے انتظام اور ان امور میں شفافیت کے عمل کو بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد واٹرمینجمنٹ شہر کو درپیش پانی کے مسائل کے حل کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے ای گورننس کے ماڈل کو اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے ای بلنگ اور نیٹ میٹرنگ جیسے آئی ٹی اقدامات متعارف کروانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔جمعرات کو چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اسلام آباد کے آبی وسائل کے بہتر انتظام اور مسائل کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران، ڈی جی اسلام آباد واٹر اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ ڈی جی واسا لاہور اپنی ٹیم کے ہمراہ بذریعہ زوم اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں حال میں قائم کی گئی اسلام آباد واٹر ایجنسی کیلئے روڈ میپ اور اسکے بہتر آپریشنز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد واٹر نے اجلاس کو شہر میں درپیش آبی مسائل کے ساتھ ساتھ اسلام آبادواٹر ایجنسی کے لئے مطلوبہ افرادی قوت اور مالیاتی چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی جی واسا نے اجلاس کو لاہور میں کئے گئے آبی انتظام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

مزید برآں واسا لاہور میں مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم اور شکایات کے تدارک کیلئے بنائے گئے نظام کے حوالے سے آگاہ کیا۔اجلاس میں فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں کے لئے پینے کے صاف پانی کیلئے فلٹریشن پلانٹس کی بحالی اور مرمت کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا جن سے پانی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے اور مستقبل کیلئے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے اسلام آباد شہر کے پانی کے مسائل کے حل اور اسلام آباد کیلئے پانی کی بہتر فراہمی کیلئے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔