چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس ،آن لائن سہولت پر تبادلہ خیال

19
چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس ،آن لائن سہولت پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبران جبکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے چیئرمین فیصل یوسف نے اپنے متعلقہ افسران کے ہمراہ اجلاس میں بزریعہ زوم لنک شرکت کی۔

اجلاس میں سی ڈی اے کے ون ونڈو فسیلیٹشن سینٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ پراپرٹی ٹیکس، واٹر چارجز، ٹرانسفر فیس کی کیش لیس نظام کے تحت آن لائن ادائیگی پر تبادلہ خیال کے علاوہ آن لائن نقشہ جات اور لے آؤٹ پلان جمع کروانے کی آن لائن سہولت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کو گھر بیٹھے سی ڈی اے کی تمام سروسز آن لائن ادائیگی کے بعد حصول کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گےجس سے شہریوں کا نہ صرف وقت بچے گا بلکہ ان کے وسائل اور دیگر اخراجات میں بھی بچت کے ساتھ ساتھ شفافیت کو بھی فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے علاوہ سی ڈی اے کے مالیاتی نظام کو مینوئل سسٹم سے ڈیجٹلائزڈ کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اس کےعلاوہ ای گورننس نظام کے ذریعے دفتری امور مؤثر اور شفاف انداز میں انجام دہی کے علاوہ گڈ گورنس کو فروغ دینے میں مدد ملے گئی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے آئی ٹی اور ڈیجٹلائزیشن کے مختلف منصوبوں پر کام کیا ہے۔

سی ڈی اے پی آئی ٹی بی کے تجربات کی روشنی میں اسلام آباد کے شہریوں کو سی ڈی اے کی سہولیات کی بہتر اور آن لائن آسان انداز سے فراہمی کیلئے جہاں کوشاں ہے وہاں مختلف ڈیجٹلائزیشن منصوبوں کے بارے میں پی آئی ٹی بی کے ساتھ مشاورت کے ذریعے ان کو عملی جامہ پہنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک مثالی ادارہ بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ون ونڈو فیسلٹیشن سینٹر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے رہا ہے وہاں شہریوں کو سی ڈی اے کی تمام سہولیات سے استفادہ کرنے کیلئے پروسیجرز کو مزید آسان، سہل بنانے کے ساتھ ساتھ کیش لیس نظام کے تحت مختلف سروسز کی آن لائن ادائیگی کو بھی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے آئی ٹی ونگ اور دیگر سینئر افسران کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے متعلقہ افسران کے ساتھ مٹینگ کرنے اور باہمی دلچسپی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں میٹنگ کرنے اور تمام منصوبوں کو عملی جامعہ پہنانے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔اس کے علاوہ سی ڈی اے کی تمام فارمیشنز کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے مانیٹرنگ کا نظام جدید خطوط پر استوار کرنے اور ڈیجٹلائزڈ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیش بورڈ کے ذریعے ٹائم لائنز کے مطابق اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں سی ڈی اے کی مختلف سروسز کے عوض ادائیگیوں کے نظام (پے منٹ گیٹ ویز) اور جدید بینکنگ سسٹم کے ساتھ مربوط کرنےکے عزم کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے اور پی آئی ٹی بی کے متعلقہ افسران زوم میٹنگز کے ذریعے ایک دوسرے کے منصوبوں کے بارے میں آگاہی اور باہمی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات مرتب کریں گےجن پر حتمی فیصلہ سی ڈی اے بورڈ کرے گا۔

مزید برآں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین سی ڈی اے کی سربراہی میں سی ڈی اے میں باقاعدگی کے ساتھ سی ڈی اے کو ڈیجٹلائزڈ کرنے کے سلسلہ میں اجلاس ہوگا جس میں اس وقت تک کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ باہمی مشاورت سے تمام منصوبوں کو منطقی انجام تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔