چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت فائیو سٹار ہوٹلز کے لئے مختص پلاٹس کی اوپن نیلامی اور سیکٹر C-14 کے رہائشی پلاٹس کی بیلٹنگ کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

144
چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت فائیو سٹار ہوٹلز کے لئے مختص پلاٹس کی اوپن نیلامی اور سیکٹر C-14 کے رہائشی پلاٹس کی بیلٹنگ کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نےسرمایہ کاروں، اوور سیز اور پاکستانیوں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی اور اوورسیز پاکستانیوں کے لئے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کئے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں فائیو سٹار ہوٹلز کے لئے مختص پلاٹس کی اوپن نیلامی اور آنے والے دنوں میں سیکٹر C-14 کے رہائشی پلاٹس کی بیلٹنگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ ممبران سمیت متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔

سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو نیلامی کے لئے پیش کئے گئے دو لگژری ہوٹل پلاٹس کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس میں خصوصی طور پر اوورسیز پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں کو اوپن آکشن کی پیشکش کی جارہی ہے جبکہ ان ہوٹل پلاٹس کی بولی کا عمل 17 دسمبر 2024 کو مکمل کیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو ان لگژری ہوٹل پلاٹس اور سیکٹر C-14 میں رہائشی پلاٹس کے حوالے سے شرائط و ضوابط کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔انہیں بتایا گیا کہ سی ڈی اے بورڈ نے حال ہی میں سرمایہ کاروں کے لئے آسان شرائط و ضوابط کی منظوری دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کی شرکت کو ممکن بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ سی ڈی اے کی طرف سے متعارف کرائے گئے حالیہ اقدامات میں آسان ادائیگی کا پلان، آسان شرائط و ضوابط اور مختلف مراعات بھی شامل ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ان اقدامات کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ یہ اقدامات اسلام آباد کو سیاحت، کاروبار اور جدید شہری زندگی کے لئے ایک عالمی مرکز کے طور پر منوائیں گے۔چیئرمین سی ڈی اے نے سرمایہ کاروں، اوور سیز اور پاکستانیوں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مقامی اور اوورسیز پاکستانیوں کو شامل کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ اس کے علاوہ پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز کو اس عمل میں شامل کیا جائے تا کہ وہ اسلام آباد میں موجود مختلف سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں اوورسیز پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں میں آگاہی پیدا کر سکے۔اجلاس میں آنے والے دنوں میں سیکٹر C-14 میں رہائشی پلاٹس کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ سیکٹر C-14 ایک پرائم لوکیشن پر واقع ہے جو شہریوں کو بہترین اور پُرسکون طرز زندگی گزارنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور یہ سیکٹر اوورسیز پاکستانیوں اور مقامی شہریوں کو پیش کیا جارہا جس میں خصوصی طور پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترجیح دی جائے گی جو امریکی ڈالرز میں سرمایہ کاری کریں گے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقامی اور اوورسیز پاکستانیوں کے لئے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو جدید اور ترقی یافتہ رہائشی اور کاروباری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔