چیئرمین سی ڈی اے کی قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے طلباء کے ہمراہ مارگلہ ہلز ٹری پلانٹیشن مہم میں شرکت

111
Mohammad Ali Randhawa
Mohammad Ali Randhawa

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین محمد علی رندھاوا نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبا اور سابق طلباء کے ہمراہ مارگلہ ہلز ٹری پلانٹیشن مہم میں شرکت کی۔ یہ تقریب مارگلہ کی پہاڑیوں پر قائدین انکلیو کے نام سے مخصوص علاقے میں ہوئی جہاں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ممبر ماحولیات طلعت گوندل، ممبر فنانس طاہر نعیم، وجاہت لطیف پرو ریکٹر عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی، مرتضیٰ نور نیشنل کوآرڈینیٹر انٹر یونیورسٹی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے پی ایس یو پی سمیت ایلومینی اورطلباء نے پودے لگائے۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ اقدام وزیر اعظم پاکستان، وزیر داخلہ کی ہدایت پر اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کارپوریٹ سیکٹر اور سول سوسائٹی سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشترکہ کوششوں کے ذریعے مارگلہ پہاڑیوں کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے اس مہم کے مقصد کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ درخت لگانے کی مہم کی کامیابی کے لیے طلباء کی شمولیت بہت ضروری ہے۔ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق اس مہم کا مقصد خطے کے نباتات اور حیوانات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔چیئرمیں سی ڈی اے نے کہا کہ مہم میں حصہ لینے والے طلباء کو خصوصی نمبر دینے کی تجویز پیش کی اور لگائے گئے ہر درخت کے مقام کا پتہ لگانے کے لیے ایک موبائل ایپ لانچ کرنے کا اعلان کیا۔

مزید برآں چیئرمین سی ڈی اے نے یقین دلایا کہ تعلیمی اداروں کوجو اپنی بہترین کارکردگی کے لیے جانا جاتا ہےکو شجرکاری مہم میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے، جس میں سی ڈی اے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔مہم میں حصہ لینے والے قائد اعظم یونیورسٹی کے سابق طلباء اور طلباء نے شجرکاری کے لیے مارگلہ ہلز میں خصوصی "قائدین انکلیو” کا افتتاح کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات ہمارے ماحول پر مثبت اثرات مرتب کریں گے۔